مظفرگڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 10 اپریل2019ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور نے گندم خریداری مہم کی نگرانی کے سلسلے میں گندم خریداری مرکز ریلوے سٹیشن مظفرگڑھ ون کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ظہور حسین بھٹہ اور تحصیلدار صاحبزادہ ظفر مہاروی بھی ان کے ساتھ تھے۔ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ گندم خریداری مہم کے سلسلے میں باردانہ کی تقسیم میں میرٹ کا خیال رکھا جائے، حقدار اور چھوٹے کسانوں کو ترجیح بنیادوں پر باردانہ فراہم کیا جائے۔اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امسال حکومت پنجاب نے ضلع مظفرگڑھ میں محکمہ خوراک کو 1لاکھ 41ہزار 285میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گندم خریداری کی عمل کو نہایت شفاف بنایا جائے، ہر مرکز ہر کاشتکارں کے بیٹھنے کیلئے سایہ دار جگہ، کرسیاں، پینے کے پانی اور بجلی پنکھوں کی سہولت فراہم کی جائے اور میڈیکل کیمپ لگایا جائے۔