مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 03 مارچ2020ء) فیاض پارک مظفرگڑھ میں جاری 3 روزہ جشن بہاراں کے آخری روز محکمہ لائیو سٹاک کے زیر اہتمام کیٹل شو کا انعقاد کیا گیا،جس میں پالتوجانوروں کی نمائش پیش کی گئی،جشن بہاراں کے آخری روزکی تقریبات میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عارف ضیاء گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جام آفتاب حسین، ایم پی اے نیاز احمد گشکوری، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رانا محمد شعیب نے شرکت کی۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر ریونیو عارف ضیاء نے کہا کہ جانور پالنا مظفرگڑھ کی ثقافت میں شامل ہے اور دیہی علاقوں میں جانور پالنا معیشت کا حصہ ہے، جس سے دودھ، گوشت اور ڈیری کے مصنوعات حاصل کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جشن بہاراں میں پالتوں جانوروں کی نمائش کا مقصد عوام کو پالتوں جانوروں، ان کی نسل اور ان کی اہمیت و افادیت سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جشن بہاراں کا کامیاب انعقاد ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جس سے مظفرگڑھ کی عوام کو صحت مند تفریحی میسر آئی ہے، خواتین او ربچوں نے جشن بہاراں کے تمام تقریبات کو بہت انجوائے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی سرگرمیاں جاری رہیں گی اور مظفرگڑھ کے شہریوں کو بہتر سے بہتر صحت مند تفریحی فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر ایم پی اے نیاز احمد گشکوری نے کہا کہ ایک مدت کے بعد مظفرگڑھ میں جشن بہاراں کا انعقاد مظفرگڑھ کی عوام کیلئے ایک تحفہ ہے، حکومت پنجاب عوام کو صحت مند تفریحی فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لارہی ہے، مقامی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دینے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں، اس موقع پر ملک خیر محمد بدھ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد طارق، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر طارق سعید، شیخ عامر سلیم، ڈی او سپورٹس طارق خانزادہ، ام کلثوم سیال بھی موجود تھے۔جشن بہاراں میں شرکاء کی دلچسپی کے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے گئے، جانوروں کی نمائش میں اونٹ، چولستانی گائے، فریڑن گائے، ساہیوال کی گائے، نیلی راوی بھینس، ناچی پیتل بکریاں، داجل بیل، تھل کی بھیڑ، ایرانی بلی، جرمن شیفرڈ کتے، لابرا کتا وغیرہ شامل تھے، بعد ازاں مالکان کو انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔ شام کو میوزیکل شو کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی گلوکاروں سمیت علاقے کے معروف گلوکاروں نے گیت پیش کیے۔