مظفرگڑھ،کپڑے کی دوکان میں آتشزدگی،لاکھوں روپے مالیت کے کپڑے جل کر خاکستر

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 15 فروری2023ء) مظفرگڑھ میں کپڑے کی دوکان میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی کپڑا جل کر راکھ ہوگیا۔مظفرگڑھ کے نواحی علاقے خانگڑھ کے مرکزی بازار میں طور کٹ پیس شاپ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی،دوکان مالک حذیفہ کے مطابق فائر بریگیڈ بروقت نہ پہنچنے کی وجہ سے لاکھوں روپے مالیت کا کپڑا جل کر راکھ ہو گیا۔

انجمن تاجران خانگڑھ کے صدر سعیدالزمان نے دوکان کے مالک حذیفہ اور دیگر تاجروں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان گڑھ ایک قدیم شہر ہے اور ایک بڑا کاروباری مرکز بھی ہے لیکن بدقسمتی سے آگ لگنے کی صورت میں بچاؤ بجھاؤ کیلیے بلدیہ خان گڑھ میں کوئی فائر ٹینڈر نہیں ہے۔خان گڑھ کی لا وارث تاجر برادری کسی بھی سانحہ کی صورت میں 20کلو میٹر دور مظفر گڑھ کی طرف دیکھتی ہے جہاں سے فائر بریگیڈئر کی گاڑی کے آنے تک ناقابل برداشت حد تک نقصان ہو چکا ہوتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اگر فائربریگیڈ بروقت آ جاتا تو طور کٹ پیس کا بہت سا مال بچایا جا سکتا تھا اور اتنا نقصان نہ ہوتا، انہوں نے کہا کہ خان گڑھ کی تاجر براداری کروڑوں روپے کا ٹیکس دینے کے باوجود عدم سہولیات کا شکار ہے۔