مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 14 مارچ2023ء) مظفرگڑھ پولیس نے اغوا کئے گئے 4 کمسن بچوں کو 8 گھنٹوں میں بحفاظت بازیاب کرا لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق کوٹ ادو کے نواحی علاقے دائرہ دین پناہ کے موضع ہنجرائی مستقل شرقی کے رہائشی کاشف ولد ظفراقبال،محمد کامران ولد واحد بخش،محمد وسیم ولد کلیم اللہ اور شاہزیب ولد رب نواز قریبی بستی صدیق والا موضع ہنجرائی مستقل شرقی میں مدرسہ میں پڑھنے گئے ،ان کے گھر واپس نہ پہنچنے پر ان کے لواحقین ان کا پتہ کرنے گئے تو مدرسہ کے مہتمم نے بتایا کہ ان کے بچے 12 بجے مدرسہ سے گھر چلے گئے تھے۔
پولیس تھانہ دائرہ دین پناہ نے عبدالعزیز ولد اللہ بخش کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف بچوں کے اغوا ءکا مقدمہ درج کر لیا۔ایس ڈی پی او کوٹ ادو ثنااللہ خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ دائرہ دین پناہ نجیب خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ 8 گھنٹوں میں چاروں کمسن بچوں کو کوٹ سلطان ضلع لیہ سے بحفاظت بازیاب کر لیا،بچوں کو ایس ایچ او تھانہ دائرہ دین پناہ نجیب خان نے کوٹ سلطان پہنچ کر تلاش کیا۔بازیاب ہونے والے بچوں کی عمریں 10 سے 13 سال کے درمیان ہیں۔