مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 07 مئی2022ء) لین دین میں رقم کے مطالبہ پر با اثر شخص نے 60 سالہ ضعیف خاتون پر کتا چھوڑ دیا،کتے کے کاٹنے سے ضعیف خاتون شدید زخمی ہوگئی جس پر مقدمہ درج کرکے خاتون کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کےلئے پولیس نے چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق مظفرگڑھ کی تحصیل کوٹ ادو کے علاقے دائرہ دین پناہ کے موضع ٹبہ کےمستقل درمیانی کی رہائشی 60 سالہ ضعیف خاتون مہر مائی نے ٹبہ مستقل درمیانی ہی کے رہائشی بشیر احمد بھٹی سے لین دین کے سلسلہ میں کچھ پیسے لینے تھے،اس نے بشیر احمد بھٹی کے گھر جا کر پیسوں کی واپسی کا مطالبہ کیا تو بشیر احمد بھٹی نے اس پر اپنا خونخوار پالتو کتا چھوڑ دیا جس نے بوڑھی خاتون کو بری طرح کاٹ کر شدید زخمی کر دیا۔
خاتون کا شوروغوغا اور واویلا سن کر اس کے بیٹے نزیر احمد نے پڑوسیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر اپنی والدہ کو کتے سے نجات دلائی۔پولیس نے متاثرہ ضعیف خاتون کے بیٹے نزیر احمد کی مدعیت میں بشیر احمد بھٹی کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کی تلاش میں چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں جبکہ متاثرہ خاتون کو علاج اور ڈاکٹری معائنہ کےلئے رورل ہیلتھ سینٹر ہسپتال دائرہ دین پناہ منتقل کر دیا ہے۔\378