مظفرگڑھ۔(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 01 اگست2019ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ آج کے طالب علم ہمارے مستقبل کا سرمایہ ہیں، ان کی جدید خطوط پر تعلیم و تربیت ہماری ذمہ داری ہے، ان کو زندگی کے تمام شعبوں سے متعلق آگاہی اور تربیت فراہم کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ یہ بات انہوں نے محکمہ تعلیم کے ضلعی افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
چیف ایگزیکٹیو آفیسر تعلیم مسعود ندیم، ڈی ای او تعلیم میل غلام فریدعلوی، ڈی او تعلیم فی میل ثمینہ بشر، اے ای او سجاد بھابھہ سمیت دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہم نے اپنے طالب علموں کوروایتی تعلیم کے علاوہ ہم نصابی سرگرمیوں، غیر نصابی سرگرمیوں، کھیل کودکے ساتھ ساتھ باغبانی کی طرف بھی راغب کرنا ہے اور طلباء و طالبات کی شراکت سے اپنے سکولوں کو گرین سکول بنانا ہے۔