ضلع میں پائیدار اور مستقل قیام امن کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کو یقینی بنایا جائے گا،سیف انور

مظفر گڑھ۔2 فروری(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 02 فروری2017ء)ضلع میں پائیدار اور مستقل قیام امن کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کو یقینی بنایا جائے گا، ملک دشمن عناصر اور جرائم پیشہ افراد کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گایہ بات ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سیف انور نے موبائل سروسز فرنچائزسنٹر نمائندگان کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، انہوں نے فرنچائزسنٹر کے نمائندگان کو ہدایت کی کہ وہ غیر رجسٹرڈ موبائل سموں کو فوری طور پر بند کیا جائے، نئی سموں کے اجراء کیلئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہدایت پر عمل کیا جائے ، سیلز مین کے ذریعے فروخت کی جانے والی موبائل سموں کا ریکارڈ بھی رکھا جائے تاکہ ضرورت کے وقت مدد لی جاسکے، انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت غیر رجسٹرڈ موبائل سموں کی فروخت پر مکمل پابندی ہے، اس موقع پر انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے زیر استعمال موبائل سموں کو فوری طور پر رجسٹرڈ کرائیں اگر کوئی سم ان کے نام پر موجود ہے اور اس کو وہ استعمال نہیں کررہے تو فوری طور پر بند کرائیں تاکہ اس کا غلط استعمال نہ ہوسکے۔