مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 25 نومبر2022ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ زند گی سے عورت کے کردار کو نکال دیا جائے تو زندگی بے معنی ہوجاتی ہے، آج ہم جس مقام پر ہیں ان کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہے وہ ماں کی صورت میں ہوسکتا ہے، وہ بہن کی صورت میں ہوسکتا ہے، وہ بیوی کی صورت میں ہوسکتا ہے،وہ بیٹی کی صورت میں ہوسکتا ہے۔
یہ بات انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام سائیکوپ اور ایجوکیشن چیمپیئن نیٹ ورک کے تعاون سے صنفی تشدد کے خلاف 16روزہ آگاہی مہم کے سلسلے میں سردار کوڑے خان پبلک سکول میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی ایک واحد راستہ ہے جس سے ہم صنفی تشدد کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صنفی تشد د کے خاتمے کیلئے ہمیں عملی اقدامات کرنا ہونگے۔
انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں ایک جامع لائحہ عمل بنائیں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار اور طاقتور بنانے کیلئے ہم سب نے مل کر کام کرنا ہے متعلقہ اداروں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی،غیر سرکاری تنظیمیں بھی اپنا مثبت کردار ادا کریں صرف باتوں یا تقریبات کے حد تک کام نہ کیا جائے بلکہ اس کو عملی جامہ پہنایا جائے۔