مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 03 دسمبر2022ء) ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ خصوصی بچے ہمارا روشن مستقبل ہیں، ان کو گمنام نہیں ہونے دینا، ان پر وسائل خرچ کرتے ہوئے تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے گا اور ان کو معاشرے کا فعال رکن بنایا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے افراد باہم معذوری کے عالمی دن کے موقع پر ضلع کونسل کے جناح آڈیٹوریم میں محکمہ سوشل ویلفیئر اور بیت المال کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ان خصوصی بچوں کو اللہ تعالیٰ نے خصوصی صلاحیتوں سے نوازا ہے یہ بچے نارمل بچوں سے کسی صورت کم نہیں ہیں ان کو پیار اور توجہ کی ضرورت ہے تاکہ یہ معاشرے کے فعال شہری بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ان کے والدین اور اساتذہ کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ان کی بہترین پرورش کررہے ہیں اور ان کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے ان کو معاشرے میں دوسرے افراد کے ساتھ جینا سیکھا رہے ہیں۔