جمشید دستی کا مہنگائی کیخلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان

مظفر گڑھ(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔27نومبر۔2013ء) آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے سبزیوں کی بڑھتی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جمشید دستی کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر حکومت نے مہنگائی کے سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں جس کے باعث چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں بڑھنے لگی ہیں ۔جمشید دستی کا کہنا تھا کہ غریب سے روٹی چھیننا بھی دہشتگردی ہے ، اسے مزید برداشت نہیں کر سکتے۔مہنگائی اور بیروز گاری کا سیلاب روکنے کیلئے جلد اسلام آباد اور پھر ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے دوں گا۔ گزشتہ روز رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کارکنوں کے ہمراہ ڈرون حملوں کے خلاف مظفر گڑھ بائی پاس پر دھرنا دیا تھا ۔ جمشید دستی کا کہنا تھا ڈالروں کے عوض ڈرون حملے قبول نہیں۔ انہوں نے جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاج کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ تمام جماعتیں مل کر نیٹو سپلائی روک دیں۔ جمشید دستی نے کارکنوں کو کہا تھا جنوبی پنجاپ میں نیٹو کا کنٹینر نظر ہے تو اسے آگ لگا دیں۔ آٹھ گھنٹے بعد دھرنا ختم کرنے پر مظفر گڑھ بائی پاس کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا تھا۔