مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 22 اکتوبر2022ء) تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی مظفرگڑھ کی پہچان بن گئی ہے،رواں سال اس کو یاد گار بنایا جائے گا، جیپ ریلی کے دوران ضلع کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے تقافتی پروگرام تربیت دیئے جائیں گے اور عوام کو ایک صحت مند تفریح فراہم کی جائے گی۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کے انعقاد کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مرتضیٰ تنویر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جیپ ریلی کے انعقاد کے سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران اپنے متعلقہ امورسرانجام دیں گے اور ٹریک کی مرمت کا کام جلد شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی پروگرامز، میوزیکل نائٹ اور آتش بازی کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی اور امسال جیپ ریلی کو بہتر سے بہتر اندازا میں منعقد کیا جائے گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ساتویں تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کا باقاعدہ آغاز 17نومبر سے کیا جائے گا، اس دن گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹیگنگ اور ڈرائیوروں کا میڈیکل ہوگا، 18نومبر کو تمام گاڑیوں کے کوالیفائنگ مقابلے ہونگے، 19نومبر کو سٹاک کیٹگری کی گاڑیوں اور 20نومبر کو پری پیرڈ کیٹگری کی گاڑیوں کے مقابلے ہونگے۔
جیپ ریلی کا کل ٹریک 190کلو میٹر طویل ہو گا ،جو ہیڈ محمد والا کے چھانگا مانگا ٹیلے سے شروع ہو کر ضلع کوٹ ادو اور ضلع لیہ کی حدودسے ہوتا ہو ا واپس چھانگا مانگا ٹیلے پر ختم ہوگا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر چوک سرور شہید نعیم، سی ای او صحت ڈاکٹر امیر بخش، ڈی او ریسکیو 1122میاں حسین، ڈی او ایجوکیشن مہہ جبین، سی او ضلع کونسل رائے ظفرسمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔