مظفرگڑھ کے قصبہ شاہ جمال میں بجلی کے بل کے پیسے مانگنے پر بھائی لڑ پڑے،رشتے دار چھڑانے آیا تو اسے گولی مار کرقتل کر دیا،مقتول 9 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔تفصیل کے مطابق مظفرگزھ کے قصبہ شاہ جمال کے نواحی علاقہ موضع بیٹ رائعلی کے رہائشی مجاہد حسین نے اپنے بھائی مشتاق کو اپنے بجلی میٹر سے بجلی دے رکھی تھی، بل آنے پر اس نے اپنے بھائی مشتاق سے بل کے پیسے مانگے جس پر وہ طیش میں آگیا اور پستول نکال کر بھائی مجاھد حسین سے جھگڑا شروع کر دیا اس دوران مجاھد کا سالا اشفاق بھی بیچ بچاؤ کرانے کے لئے موقع پر آگیا، جھگڑے سے منع کرنے پر مشتاق نے اسے گولی ماردی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جس کی نعش قبضہ میں لیکر پولیس تھانہ شاہ جمال نے رورل ہیلتھ سنٹر منتقل کیا اور ضروری کاغذی کارروائی کے بعد لاش کو ڈسٹرکٹ ہسپتال مظفرگڑھ منتقل کر نے کے لئے پرائیویٹ ڈالا منگوایا جس پر ورثاء نے لاش بھجوانے سے انکار کرتے ہوئے سرکاری ایمبولینس کا تقاضا کیا۔
بعدازاں مقتول کے ورثاء نے متوفی اشفاق کی لاش پل ڈاٹ جتوئی روڈ پر رکھ کر احتجاج شروع کر دیا جس پر ایس ایچ او تھا نہ شاہ جمال محمد نواز خان موقع پر پہنچ گئے اور ورثاء سے کامیاب مذاکرات کر کے احتجاج ختم کرا کے لاش ڈسٹرکٹ ہسپتال مظفر گڑھ منتقل کر آئی۔ پولیس تھانہ شاہ جمال نے قاتل مشتاق حسین کو گرفتارکر لیا ہے اور مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔