مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 05 جون2020ء) کورونا وائرس سے بچاو کے حکومتی ایس او پیز پر من و عن عمل کرایا جائے گا عمل نہ کرنے والے تاجروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ تفصیل کے مطابق مظفرگڑھ کی تحصیل کوٹ ادو میں اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو فیاض علی کے دفتر میں کورونا وائرس سے بچاو کے حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کے سلسلے میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں ایس ایچ او کوٹ ادو عبدالکریم کھوسہ، مارکیٹ کمیٹی اور میونسپل کمیٹی کے نمائندوں اور انجمن تاجران کوٹ ادو کے عہدیداران نے شرکت کی۔اسسٹنٹ کمشنر فیاض علی نے میٹنگ میں تاجر برادی کو کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی نئی ہدایات کے مطابق دکانیں اور کاروباری مراکز صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک ہفتے میں 5 دن کھلے رہیں گے اور ہفتہ اور اتوار 2 دن مکمل لاک ڈاؤن ہو گا دوکانیں اور کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہیں گے صرف میڈیکل سٹور،سبزی،کریانہ اور نانبائی کی دوکانیں کھلی رہیں گی۔
دکاندار ماسک،سینیٹائزر اور سوشل ڈسٹینس پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے گی ایس ایچ او کوٹ ادو عبد الکریم کھوسہ نے تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ایس او پیز پر سختی سے من و عن عمل کرایا جائے گا اور خلاف ورزی کسی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی میٹنگ میں تاجروں نے حکومتی ایس اوپیز پر عمل اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔