مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 08 دسمبر2022ء) کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ لیاقت علی چٹھہ نے مظفر گڑھ کا دورہ کیا اور انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحانات کے مراکز کا معائنہ کیا۔کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ سمیع اللہ فاروق کے ہمراہ مظفر گڑھ اور چوک قریشی میں امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔کمشنر و چئیرمین تعلیمی بورڈ لیاقت علی چٹھہ نے امتحانی مراکز کے معائنہ کے دوران امیدواروں کی رول نمبر سلپس اور دیگر کوائف کی جانچ پڑتال کی۔
بچوں سے امتحانی ماحول اور سہولیات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔کمشنر نے کہا کہ بچوں کو پرسکون امتحانی ماحول دیا جائے۔امتحانی مراکز کی حدود میں دفعہ 144 کے تحت غیر متعلقہ افراد کے داخلہ کی پابندی پر عملدرآمد کرایا جائے۔لیاقت علی چٹھہ نے زکریا ہائیر سیکنڈری سکول کرم داد قریشی کی تعلیمی بورڈ سے الحاق معطل کرتے ہوئے فزکس،کیمسٹری،بیالوجی اور کمپیوٹر لیبز میں سہولیات کی فراہمی کےلئے ایک ماہ کا وقت دیا۔کمشنرنے سی ای او ایجوکیشن سے بھی کہا کہ وہ نجی تعلیمی اداروں میں سہولیات کی بھی جانچ پڑتال کریں،معیار پر پورا نہ اترنے والے تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے۔