مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 22 دسمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نصیر آباد چوک پرمٹ کا اچانک دورہ، سکول میں طلبہ اور اساتذہ کی حاضری چیک کی، سکول کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا ، صفائی ستھرائی کے انتظامات دیکھے اور پرنسپل کو ہدایت کی کہ طلبہ کی یونیفارم کے معاملات کو بہتر کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق ضلع مظفر گڑھ کی تعلیمی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ مظفر گڑھ کی تعلیمی رینکنگ میں بہتری کے لیے سخت محنت کی ضرورت ہے اس کے لئے ہم نے اس سال نہم اور دہم کے نتائج کو بہتر بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی قوم کی معاشی ترقی کا راز تعلیم کی ترقی سے جڑا ہوا ہے۔نسل نو کو جدید تعلیم سے آراستہ کرکے ہم ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کر سکتے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ نے اسسٹنٹ کمشنر جتوئی کو ہدایت کی کہ وہ وقتاً فوقتاً سکولوں کا دورہ کریں اور صفائی ستھرائی, واش روم کی حالت, اساتذہ اور طلبہ کی حاضری اور ڈسپلن کے معاملات کو چیک کریں اور سربراہان ادارہ کو چیک لسٹ دیں تاکہ وہ اس چیک لسٹ کے مطابق اقدامات کریں۔