مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 19 نومبر2022ء) چار روزہ ساتویں تھل جیپ ریلی میں تیسرے مرحلے کا آغاز ہو چکا ہے جس میں 190کلومیٹر طویل ٹریک پر سٹاک کیٹیگری کے 70 جیپ ریسرز کے درمیان مقابلے ہونگے۔ سنسنی خیز مقابلوں کو دیکھنے کےلئے پورے جنوبی پنجاب سے ہزاروں کی تعداد میں شائقین بھی چھانگا مانگا ٹیلے پر پہنچ چکے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق ریسرز اور شائقین کی سیکیورٹی کےلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں،1000 پولیس اہلکاروں کے ساتھ سپیشل برانچ،ایلیٹ فورس اور آرمی کے جوان بھی سیکیورٹی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
سٹاک کیٹیگری کے مقابلوں میں ریسر زمظفرگڑھ میں ہیڈ محمد والا کے مقام چھانگا مانگا ٹیلے کے سٹارٹنگ پوائنٹ سے لے کر ضلع کوٹ ادو سے ہوتے ہوئے ضلع لیہ میں چوبارہ کے مقام تک دشوار ٹریک سے ہو کر واپس چھانگا مانگا ٹیلے پر فنشنگ پوائنٹ پر پہنچیں گے۔
ٹریک پر 8 چیک پوائنٹس بنائے گئے ہیں جہاں ریسکیو ٹیمیں،محکمہ صحت کے اہلکار اور دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکار کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کےلئے چوکس بیٹھے ہیں، ڈیزرٹ جیپ ریلی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے اسے جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا اسپورٹس ایونٹ بنا دیا ہے جس میں ہر سال ریسرز اور شائقین کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔\378