مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 05 دسمبر2022ء) ڈائریکٹر پاکستان بیت المال جنوبی پنجاب مہر مظہر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان بیت المال کے 161 ویمن ایمپاورمنٹ سنٹر خواتین کو بااختیار بنانے کےلئے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرگڑھ کے بیت المال پراجیکٹس ،پاکستان سویٹ ہوم کوٹ ادو کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سید کاشف سلیم کے ہمراہ دورہ کے دوران کیا ۔
انہوں نے مخیرحضرات کی طرف سے سویٹ ہوم میں سولر پینل نصب کرنے کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ یتیم بچوں کو بہتریں بورڈنگ اور ایجوکیشن کی سہولیات دی جا رہی ہیں،پاکستان سویٹ ہوم یتیموں کی مستقل بنیادوں پر انکی تعلیم مکمل ہونے تک کفالت کرتا ہے ۔مہر مظہر عباس نے کہا کہ ایم ڈی پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ ”پاکستان بیت المال کی طرف سے خصوصی افراد کے مسائل کو حل کرنے کےلیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہے ہیں اور ایسے اقدامات کر رہے ہیں جن کی بدولت ملک کے خصوصی افراد کو اپنے سیاسی، سماجی اور مذہبی فریضوں کی ادائیگی میں کسی قسم کی رکاوٹ درپیش نہ ہو،معذور افراد کودوبارہ سے فعال اور متحرک بنانے کے لیے پاکستان بیت المال کی طرف سے ایم ڈی عامر فدا پراچہ کی کاوشوں سے مصنوعی اعضاء بھی فراہم کیے جارہے ہیں۔
ا نہوں نے سویٹ ہوم میں کام کرنے والوں کو اپنی ڈیوٹی محنت اور ایمانداری سے ادا کرنے کی تلقین کی۔ ا نہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید کاشف سلیم کو ہدایات دیں کہ فعال مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دے کر کمیونٹی کو بریف کیا جائے ۔ انہوں نے انچارج سویٹ ہوم ارم اعظم کو بچوں کے والد ین اور سرپرستوں کے ساتھ مسلسل رابطے کے علاوہ انکے تعلیمی ادارے سے ریگولر بنیادوں پر فیڈ بیک لینے کی تاکید کی اور انکے کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔