مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 28 جنوری2019ء) جنوبی پنجاب کے دیہی علاقوں کی عوام کا زیادہ تر روزگارزراعت اور لائیو سٹاک سے وابستہ ہے جس میں دیہی خواتین بھی برابر کی شریک ہیں، موجودہ حکومت کاشتکاروں اور مویشی پال حضرات کی خوشحالی اور ترقی کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے، یہ بات وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس برائے لائیو سٹاک کے ممبر غلام مرتضیٰ رحیم کھر نے رنگ پور کے موضع ڈیرہ ہیبت کے نمبردار سردار بیگ خان کے ڈیرہ پر علاقے کے ترقی پسند کاشتکاروں اور مویشی پال حضرات سے ملاقات کے دوران کہی، اس موقع پر فاروق احمد کھیڑا، خضر خان بلوچ، ربنوازخان کھیڑا، اعجاز علی خان بلوچ، عامر حسین بلوچ، محمد زبیر ناصر آرائیں ، محمد مزمل ناصر کھیڑا، مہر صفدرحسین کھیڑا، غازی خان مسوری، ظفر خان کھیڑا، شہباز احمد خان بلوچ سمیت علاقے کی دیگر کاشتکار بھی موجود تھے۔ممبر ٹاسک فورس غلام مرتضیٰ رحیم کھر نے کہا کہ حکومت کسانوں بالخصوص چھوٹے کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے کھاد پر سبسڈی فراہم کررہی ہے، معیاری اور سستی کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی دستیابی کیلئے عملی اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کو ملک کی بہترین معیشت بنانے پر بھی بھر پور توجہ دی جارہی ہے، انہوں نے بتایا کہ جانوروں کو موذی امراض سے بچاؤ کیلئے مستقل بنیادوں پر ویکسینیشن کی جارہی ہے ، خواتین بالخصوص بیواؤوں میں گائے اور بھینسیں تقسیم کی جائیں گی، ممبر ٹاسک فورس نے مزید کہا کہ علاقے کی ترقی اور عوام کو تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
Prev Post