وکلا کے مسائل کے حل کےلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہے ہیں ،سید جعفر طیار بخاری

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 20 اکتوبر2022ء) وائس چیئر مین پنجاب بار کونسل سید جعفر طیار بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب بار کونسل وکلا کی فلاح و بہبود کےلئے کام کر رہی ہے اور کیو سنٹر کا قیام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوک سرور شہید بار کونسل میں پنجاب بار کونسل کی طرف سے قائم کئے گئے کیو سنٹر کےافتتاح کے موقع پر کیا ۔

وکلا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چوک سرور شہید کے تحصیل بننے اور وہاں نئے جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر،عدالتوں کے قیام اور تحصیل بار کونسل چوک سرور شہید کے قیام پر وکلا کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل چوک سرور شہید میں عدالتیں قائم ہونے سے وکلا اور شہریوں کے بہت سے مسائل حل ہو گئے ہیں ،انصاف ان کی دہلیز پر میسر ہے ،انہیں انصاف کے حصول کےلئے دوردراز کا سفر نہیں کرنا پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ وکلا اپنے مسائل کی نشاندہی کریں پنجاب بار کونسل ان کے مسائل کے حل کےلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے گی۔وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل سید جعفر طیار بخاری کی جوڈیشل کمپلیکس آمد پر تحصیل بار کونسل چوک سرور شہید کے صدر اعجاز خان کشک ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری چوہددری ندیم سرویا ایڈووکیٹ نے وکلا کے ہمراہ ان کا شاندار استقبال کیا اور ان پر پھول نچھاور کئے۔اس موقع پر ممبر پنجاب بار کونسل اعجاز احمد خان گرمانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔\378