مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 15 نومبر2022ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرمظفرگڑھ سید زوار طیب بخاری نے کہاہے کہ ووٹ کا اندراج ہر شہری کی ذمہ واری ہونے کے ساتھ عوام کی طاقت بھی ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سید زوار طیب بخاری نے ووٹرز آگاہی مہم کے سلسلے میں قصر بہبودآبادی دارالامان مظفرگڑھ میں منعقد ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں خواتین سٹوڈنٹس کی بڑی تعداد حاضر تھی۔
سید طیب زاوار بخاری نے کہا کہ خواتین کے شناختی کارڈ اور ووٹ کا اندراج موجودہ دور میں لازم و ملزوم ہیں، وہ طلبا جو 18 سال کے ہوں سب سے پہلے اپنا شناختی کارڈ بنوائیں اس کے بعد اپنے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرنے کہا کہ جہاں ووٹ کا اندراج آپ کی قومی ذمہ داری ہے وہی ووٹ آپ کی طاقت ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عوام الناس کی سہولت کے پیش نظر دفتر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر میں ”ون ونڈو سنٹر”قائم کر دیا ہے،جہاں عوام حتمی انتخابی فہرستوں میں اپنا ووٹ چیک بھی کر سکتے ہیں اور کسی بھی غلطی کی صورت میں یا اندراج نہ ہونے کی صورت میں سنٹر پر موجود فارم 21 پُر کر کے جمع کروا سکتے ہیں۔