مظفر گڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 16 مئی2017ء) مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کی عدالت نے دو منشیات فروشوں کو ایک سال تک شہر کی سڑکوں ،گلیوں اورنالیوں کوصاف کرنے کی سزا کا حکم دیا ہے۔ تفصیل کے مطابق مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور کے ایڈیشنل سیشن جج محمد فوادعارف نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سماجی فیصلہ دیتے ہوئے دو منشیات فروشوں کو ایک سال تک علی پور شہر کی گلیوں ،سڑکوں اور نالیوں کو صاف کرنے کی سزا سنادی ہے۔عدالت میں دو منشیات فروشوں فیاض حسین اورقیصر عباس کے خلاف دو سال پہلے یعنی 2015 میں منشیات فروشی کے الزام میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا،. جس کا فیصلہ ایڈیشنل سیشن جج محمد فواد عارف نے گزشتہ روز سنادیا۔ جس کے تحت دونوں مجرموں کو سلاخوں کے پیچھے ڈالنے کی بجائے انہیں شہر کی گلیاں اور نالیاں صاف کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔سیشن جج محمد فواد عارف نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار یہ سماجی فیصلہ سنایاہے۔فیصلے میں سیشن جج نے حکم دیا کہ دونوں مجرموں کو ٹی ایم اے علی پور کے حوالے کیا جائے اور چیف آفیسر بلدیہ کو حکم دے کر پابند کیا ہے کہ ہر 15 دن کی رپورٹ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں جمع کرائی جائے۔عدالت کے اس فیصلے کوعوام نے سراہتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج محمد فوادعارف کو خراج تحسین پیش کیاہے ۔