مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 20 اگست2022ء) توپ کا گولہ پھٹنے سے مویشی چرانے والا 16 سالہ نوجوان جاں بحق۔مظفرگڑھ جھنگ روڈ پر بستی ٹھہڑی کی رہائشی،متوفی کی کزن اور ڈسٹرکٹ بار مظفرگڑھ کی رکن گلشن سلطانہ ایڈووکیٹ نے بتایا ہے کہ اس کا 16 سالہ کزن محمد شاہد تھہیم ولد ربنواز تھہیم اپنی فیملی کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقہ سے منتقل ہو کر اپنے مال مویشیوں سمیت ریت کے ٹیلوں پر رہائش پذیر تھے،گزشتہ روز وہ معمول کے مطابق اپنے مویشیوں کو چرانے کےلئے لے کر گیا۔
یہاں یہ واضح رہے کہ ٹھہڑی اور اس کے گرد و نواح کا علاقہ آرمی کی فائرنگ رینج کا علاقہ ہے جہاں گولہ باری کی مشقیں کی جاتی ہیں، کچھ گولے ایسے ہوتے ہیں جو پھٹے بغیر ریت میں دب جاتے ہیں۔مشقوں کے دوران تو اعلانات کرا کے عوام کو فائرنگ رینج کے علاقے میں جانے سے روک دیا جاتا ہے اور پہرے پر گارڈز بھی ہوتے ہیں جو اس علاقے میں کسی کو نہیں جانے دیتے لیکن مشقیں ختم ہو جانے کے بعد لوگ اس علاقے میں آتے جاتے ہیں اور مال مویشی بھی چرانے کےلئے لے جاتے ہیں۔
متوفی محمد شاھد تھہیم ولد ربنواز تھہیم گزشتہ روز اپنے مویشی چرانے کےلئے گیا جہاں اسے ریت میں دبا ہوا گولہ نظر آیا اس نے گولے کو اٹھانے یا کھولنے کی کوشش کی تو گولہ پھٹنے گیا اور وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔