مظفر گڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔19جون۔ 2013ء) مظفرگڑھ کے علاقے حماد پور میں تاوان نہ ملنے پر مغوی نوجوان کو قتل کردیا گیا، قتل کی اس واردات میں کوئی اور نہیں مغوی کا ماموں زاد ملوث نکلا۔بدھ کو پولیس کے مطابق تین جون کو نامعلوم افراد نے حماد پور کے رہائشی عبدالحمید کے 22 سالہ بیٹے آصف جیلانی کواغوا کرلیا تھا جس کی رہائی کے لئے 50 لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا، پولیس نے تفتیش کے دوران مغوی آصف جیلانی کے ماموں زاد محمد آصف کو شک کی بناء پر حراست میں لے لیا لیکن اسے معززین علاقہ کی ضمانت پر رہا کردیا گیا۔تفتیش کا عمل آگے بڑھنے پر پولیس نے ایک اور ملزم سلیم کی نشاندہی پر محمد آصف کو دوبارہ گرفتارکیا گیا جس نے تاوان کے لئے آصف جیلانی کے اغوا اور اس کے قتل کا اعتراف کرلیا۔تفتیشی افسران نے کہاہے کہ ملزمان نے آصف جیلانی کو اغوا کے روز ہی قتل کرکیاس کی لاش چھٹیوں کی وجہ سے بند سرکاری سکول کے باتھ روم میں چھپادی تھی جسے ملزمان ہی کی نشاندہی پر برآمد کرلیا گیا ہے۔