مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 29 نومبر2019ء) یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ مظفرگڑھ کی طرف سے ڈپٹی کمشنر آفس سے کچہری چوک تک ریلی نکالی گئی،جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مظفرگڑھ جام آفتاب حسین نے کی۔ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر مظفر گڑھ رانا محمد شعیب، سی ای او تعلیم مسعود ندیم سمیت سول سوسائٹی کے نمائندگان، انجمن تاجران کے نمائندگان، ضلعی محکموں کے افسران و اہلکار، پولیس اہلکار،ٹیچر یونین کے عہدیدار، اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جام آفتاب حسین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک پاکستان کا ہر فرد کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ہر سطح پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی غیر مشروط حمایت کی ہے اور آئندہ بھی جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جلد آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملے گا اور کشمیری اپنی مرضی کا فیصلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی خارجہ پالیسی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پراور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ہر پلیٹ فارم پر اجاگر کیا ہے جو پاکستانی سفارتکاری کی ایک بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر بھارت کو بے نقاب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کا ہر فرد کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کررہا ہے۔