مظفرگڑھ، ٹیکنیکل ایڈوائزری بورڈ کے مشورے کے مطابق کپاس کی فصلوں پر اسپرے کرایا جائے، نوید عصمت کاھلوں

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 17 اگست2020ء) ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (اطلاعات) نوید عصمت کاھلوں نے کہا ہے کہ وزیر زراعت پنجاب اور سیکریٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیموں کو کسانوں کی راہنمائی کی ہدایت کی ہے۔ یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کے موضع علی والا میں کپاس کی فصل پر نقصان دہ کیڑوں کے حملے کی اطلاع پر کپاس کے کھیتوں کا معائنہ کرتے ہوئے کی۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح علی پور میں بھی کپاس کی فصل پر، سبز تیلے، سفید مکھی،تھرپس اور ملی بگ جیسے نقصان دہ کیڑوں نے حملہ کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر زراعت اور سیکریٹری زراعت واصف خورشید نے محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیموں کو اگست اور ستمبر کے مہینے کاشتکاروں کے ساتھ فیلڈ میں گزارنے کی سختی سے ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل اس وقت آخری مراحل میں ہے، ٹینڈے اور پھول لگ رہے ہیں اور کپاس کی پیداوار کا ہدف حاصل کرنے کیلئے نقصان دہ کیڑوں کا خاتمہ کرنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ ٹیکنیکل ایڈوائزری بورڈ کے مشورے کے مطابق کپاس کی فصلوں پر اسپرے کرایا جائے اور ترجیحی طور پر اسپرے صبح اور شام کے وقت کیا جائے۔