مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 20 دسمبر2018ء) میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ کے حکام کو مبینہ طور پر رشوت نہ دینے پر میونسپل کمیٹی کا بیمار ریٹائرڈ اہلکار پنشن اور گریجویٹی سے تاحال محروم،جوان بیٹی کی رخصتی رک گئی،علاج معالجہ کیلئے بھی رقم موجود نہیں،بسترمرگ پر پڑ اہلکار کسمپرسی کا شکار ہے۔ امام بار گاہ چوک کے رہائشی میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ الیکٹرک برانچ کے اہلکار زاہد حسین نے صحافیوں کو بتایا کہ اس نے بیماری اور بیٹی کی شادی کے لیے جنوری 2018میں میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ سے ریٹائرمنٹ لی، اب وہ گزشتہ 11 ماہ سے اپنی 11 لاکھ 85 ہزار روپے گریجویٹی اور پینشن کے لیے دھکی کھا رہا ہے،رقم نہ ہونے کے باعث وہ اپنے علاج معالجہ سے بھی محروم ہے، جبکہ وہ اپنی بیٹی کی رخصتی کے سلسلے میں بھی سخت پریشانی اور مشکلات کا شکار ہے۔زاہد حسین کی اہلیہ شہناز میمونہ نے بتایا کہ وہ تین بار چیئرمین میونسپل کمیٹی اکرم خان چانڈیہ کے گھر جاکر اپنے شوہر کے واجبات کی ادائیگی کی درخواست کر چکی ہے لیکن انہیں مسلسل ٹرخایا جارہا ہے۔ ریٹائرڈ اہلکار زاہد حسین کا کہنا تھا کہ پنشن برانچ کاعملہ رشوت اور لین دین کے بغیر پنشنرز کی ادائیگیاں نہیں کرتا،زاہد حسین اور اس کی اہلیہ نے وزیراعظم،وزیر اعلی پنجاب اور ڈپٹی کمیشنر مظفر گڑھ سے فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔