مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 29 اکتوبر2021ء) سیکرٹری لوکل گورنمنٹ جنوبی پنجاب الطاف بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبہ کو کورونا جیسے موذی مرض سے مکمل پاک کرنے کیلئے پر عزم ہے جس کیلئے کورونا ویکسین آپ کی دہلیز پر خصوصی مہم شروع کی تاکہ ہر فرد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کو یقینی بنایا جاسکے یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ میں کورونا ویکسین آپ کی دہلیز پر خصوصی مہم کے سلسلے میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات سے ہم نے کورونا کے مرض پر قابو پالیا ہے اس وقت کورونا کے مریضوں کی شرح ایک فی صد رتک رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کا واحد حل صرف اور صرف ویکسین ہے، جن افراد نے کورونا کی ویکسین لگوائی وہ کورونا کی چوتھی لہر کے دوران زیادہ محفوظ رہے۔
کورونا سے بچاؤ کی یہ خصوصی مہم جاری ہے جس کے تحت محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر گھر کے تمام افراد کو ویکسین لگارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس خصوصی مہم کے ذریعے ضلع بھر میں ویکسین کی 12لاکھ خوراکیں لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لئے محکمہ صحت کی 449ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ روزانہ تقریباً36ہزار افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق، سی ای او صحت ڈاکٹر فیاض احمد، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ عابدہ فرید، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالغفار خان گوپانگ، ڈی ایچ او ڈاکٹر امیر بخش سمیت محکمہ صحت اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔