مظفر گڑھ(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 02 نومبر2016ء) شہر سلطان میں بیٹی کے مبینہ اغوا میں مدد فراہم کرنے کے شبے میں بہن کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ناصرف اس کی آنکھیں نکال دیں بلکہ اس کی ٹانگیں بھی کاٹ ڈالیں۔ تفصیلات کے مطابق مظفرگڑھ کے نواحی قصبے شہر سلطان کے علاقے کوٹلہ گاموں کے رہائشی محمد افضل کی بیٹی آسیہ چند روز پہلے پر اسرار طور پر غائب ہوگئی تھی٬ افضل کو شبہ تھا کہ آسیہ کو اغوا کیا گیا ہے اور اغوا کاروں کو مبینہ طور پر اس کی اپنی بہن شریفاں بی بی کی مدد حاصل تھی۔جس پر افضل اور اس کے دیگر بھائیوں نے مل کر شریفاں بی بی کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ شریفاں نے جب آسیہ سے متعلق نہ بتایا تو انہوں نے شریفاں کی آنکھیں نکال لیں اور ٹانگیں بھی کاٹ ڈالین۔شریفاں بی بی کی بیٹی کی درخواست پر پولیس نے افضل سمیت 9 افراد کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ افضل نے اپنی بیٹی کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج ہی نہیں کرایا تاہم اس نے اس حوالے سے مقامی ماتحت عدالت میں درخواست دائرکی ہے۔شریفاں بی بی پرتشدد کے مقدمے میں نامزد تمام ملزمان فرارہوگئے ہیں جس کی وجہ سے اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ دوسری جانب مقامی افراد کا کہنا ہے کہ آسیہ کی وٹے سٹے میں بات طے کی گئی تھی لیکن افضل اپنی بیٹی کی شادی وہاں نہیں کرنا چاہتا تھا۔۔