مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ کام۔ 29 اکتوبر2019ء) مظفرگڑھ شہر میں مرکزی تاجران تنظیم کی جانب سے ہڑتال کی کال کامیاب نہ ہوسکی اور تاجران نے اپنی دکانیں اور کارو باری مراکز کو کھلا رکھا، بازاروں میں خریداروں کی کافی بھیڑ رہی۔ ہڑتال کی ناکامی میں انجمن تاجر اتحاد کا کردار اہم رہا جس کے عدیل شیخ اور مون شیخ نے تاجر دوستوں کی حمایت سے ہڑتال کو ناکام بنانے کے لیے دن رات محنت کی جبکہ متحارب دھڑے کے سید امیر حسن، ملک جاوید اختر اور شیخ عامر سلیم اپنی کاوشوں سے بصیرہ بازار، عثمان غنی بازار، صرافہ بازار، گولڑہ بازار میں جزوی ہڑتال کرا سکے جبکہ بڑے کاروباری مراکز عمرفاروق بازار، مین بازار،صفدر سکوائر،ریلوے روڑ،جھنگ روڑ،ملتان روڑ مارکیٹ،الیکٹرانکس مارکیٹ،خان پلازہ،لبرٹی مارکیٹ،ہارذوئیر مارکیٹ،جھنگ روڑکے تمام بڑے کاروباری مراکز،جوتے،کپڑے کی بڑی دکانیں اور سبزی،فروٹ کی دکانیں،جوس کارنرز،سگریٹ،خشک سامان کی ہول سیل مارکیٹیں،گاڑیوں،موٹر سائیکلوں کے شوروم،گھی،چینی ہول سیل ڈیلرز،ادویات فروخت کرنیوالے میڈیکل سٹورز،وٹرنری سٹورز،بکس شاپس،ماربل شورومز،پٹرول پمپس اور سبزی منڈی میں کاروبار زندگی رواں دواں رہا۔
انجمن تاجر اتحاد کے شیخ عدیل نے مقامی صحافیوں کو مذکورہ کھلے کاروباری مراکز کا دورہ کروایا۔عدیل شیخ نے کہا کہ اگرچہ حکومتی اقدامات سے تاجروں کے تحفظات ہیں لیکن معاملات کو ہم مذاکرات کے زریعے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ملکی اور ضلعی سطح کی تاجر تنظمیں تاجروں کے حقوق کی بجاے سیاستدانوں کے مفادات اور انکی ایماء پر پورے ملک کے تاجر طبقے کو قربان کر دیتے ہیں۔