مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 03 فروری2020ء) مظفرگڑھ تا ہیڈ پنجند،قومی شاہراہ المعروف قاتل روڈ ڈبل کرو تحریک مظفرگڑھ کے سرپرست اعلی رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ اور آرگنائزر سید سکندر عباس ایڈووکیٹ نے دیگر وکلائ راہنماؤں قیصر عباس ایڈووکیٹ, رانا واجد علی ایڈووکیٹ, سید حسن رضا نقوی ایڈووکیٹ, قاضی امان اللہ ایڈووکیٹ کے ہمراہ پیر کو بار روم مظفرگڑھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پنجاب اس روڈ کو دو رویہ بنانے کے فنڈز فوری طور پر ریلیز کر کے تعمیر کا کام شروع کرے۔انہوں نے کہا کہ اس سڑک پر روزانہ حادثات میں شہری جان بحق اور زخمی ہو کر زندگی بھر کے لئے معذور ہو رہے ہیں.
سالانہ 300 سے زائد ہلاکتیں باعث تشویش ہیں. جبکہ ضلع مظفرگڑھ کے اراکین اسمبلی کی اس ایشو پر خاموشی قابل مذمت ہے، منتخب عوامی نمائندگان کو اسمبلی میں اس حوالے سے موثر آواز بلند کرنی چاہیئی. انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے سب سے زیادہ آبادی والے ضلع میں گزشتہ 10 سالوں کے دوران کوئی میگا پراجیکٹ نہیں دیا گیا. ہر بار پنجاب حکومت کے بجٹ میں مظفرگڑھ تا ہیڈ پنجند علی پور تک دو رویہ سڑک کی تعمیر کا بجٹ مختص کرنے کی نوید سنائی جاتی ہے لیکن آج تک بجٹ میں ایک پائی نہیں دی گئی ۔