مظفرگڑھ اورڈیرہ غازی خان کے اضلاع میں 12 ترقیاتی منصوبوں کی مشروط منظوری دے دی گئی

مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 18 مارچ2022ء)مظفرگڑھ اورڈیرہ غازی خان کے اضلاع میں 12 ترقیاتی منصوبوں کی مشروط منظوری دے دی گئی ۔ منصوبوں پر ایک ارب 35 کروڑ 60 لاکھ روپے تخمینہ لگایا گیا ہے۔ضلع مظفر گڑھ میں صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پبلک ہیلتھ کی سکیم میں غیر ضروری تاخیر پر متعلقہ ایکسیئن کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے بھی احکامات جاری کئے گئے۔

کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے احکامات جاری کئے۔کمشنر نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں میں  افسران کی عدم دلچسپی برداشت نہیں ہوگی۔شاہراوں کے منصوبوں میں سیوریج لائن اور دیگر تنصیبات پہلے مکمل کی جائیں۔لوکل گورنمنٹ اور پبلک ہیلتھ کی سکیموں کی شناخت کیلئے ٹف ٹائل کے رنگ تبدیل ہوں گے۔

کمشنر نے ضلع ڈیرہ غازی خان میں 41 کروڑ 70 لاکھ روپے سے تین روڈ اور چار کروڑ 31 لاکھ روپے سے  پبلک ہیلتھ کے چار منصوبوں اسی طرح ضلع مظفر گڑھ میں 28 کروڑ 80 لاکھ روپے سے پبلک ہیلتھ کی تین اور 22 کروڑ روپے سے لوکل گورنمنٹ کی دو سکیموں کی مشروط منظوری دی۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبید الرشید،ڈپٹی ڈائریکٹر وسیم اختر جتوئی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عدیل،ایس ایز شیخ اعجاز،وقار شعیب،جواد ملک،ایکسئین امجد خان،عدنان محمود اور دیگر موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ سید موسیٰ رضا نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔