مظفر گڑھ۔29 جون(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 29 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف مظفرگڑھ کے رہنماء سردار محمدارشد خان قندرانی کی پی ٹی آئی کیلئے دیرینہ خدمات کی لاج رکھتے ہوئے ان کی درخواست پر صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 277 سے سابق ایم پی اے میاں علمدار عباس قریشی کے نام جاری ہونے والا پی ٹی آئی کا ٹکٹ منسوخ کر کے سردار محمد ارشد خان قندرانی کی اہلیہ محترمہ نوشین عباس کو دیدیا ہے۔پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق سردار محمد ارشد خان قندرانی کے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسر کی جانب سے مسترد ہونے کے بعد پارٹی قیادت کو یہ باور کرایا گیا تھا کہ سردار ارشد خان قندرانی انتخابی مقابلے سے آئوٹ ہو چکے ہیں اس لیے میاں علمدار عباس قریشی کو ٹکٹ جاری کر دیا گیا مگر جب پارٹی قیادت کو علم ہوا کہ سردار ارشد خان قندرانی کی اپیل منظور ہو چکی ہے اور انکے متبادل امیدوار کے طور پر انکے بھائی اور انکی اہلیہ کے داخل کرائے گئے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہوچکے ہیں تو پارٹی چیئرمین نے میاں علمدار عباس قریشی کے نام جاری ہونیوالا پارٹی ٹکٹ منسوخ کر دیا اور سردار محمد ارشد قندرانی کی اہلیہ نوشین عباس کے نام پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا جوکہ جمعہ کے روز ریٹرننگ آفیسر صوبائی حلقہ پی پی277 کو جمع کرا دیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردارمحمد ارشد خان قندرانی نے کہا کہ ہمارے قائد عمران خان بااصول لیڈر ہیں اور ہمیں اپنے قائد کی اصول پسندی پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کے آئندہ وزیراعظم بن کر وطن عزیز کو درپیش بحرانوں اور مشکلات سے نجات دلا کر پاکستان کو ایک خوشحال اسلامی مملکت بنائیں گے اور ملک سے کرپشن ، رشوت اور ظلم استحصال کا خاتمہ کر کے غریب عوام کو خوشیاں دیں گے۔