مظفرگڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 29 اپریل2019ء) ضلع مظفر گڑھ کے طول وعرض میں واقع سرکاری سکولوں میں سٹوڈنٹس کونسل کے الیکشن منعقد کروائے گئے۔طلباء و طالبات نے اپنے اپنے سکولوں میں منعقد ان انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنے نمائندے منتخب کئے، طلباء کونسلوں کو منتخب کرنے کے لئے صدر (کلاس 10)جنرل سکریٹری (کلاس 9)فنانس سیکرٹری (کلاس 8)کے الیکشن میں طلبہ نے اپنے ووٹ کاسٹ کئے۔ان الیکشن میں صرف وہ طلبہ حصہ لے سکتے تھے جنہوں نے پچھلے سالانہ امتحانوں میں پہلی 3 پوزیشن حاصل کی تھیں۔ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور نے اس عمل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلبہ کونسلوں کو عموما اپنے اسکول کے انتظامیہ کی مدد کرنے کے لئے ذمہ داریاں عطا کی جائیں گی۔ان کونسلوں میں منتخب طلبہ اپنے ساتھی طلباء کی مختلف فورم پر نمائندگی،اسکولوں میں نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کا بندوبست، مقابلہ قرات، نعت خوانی، مشاعرہ، تقریری مقابلوں، تحریری مقابلوں، کتاب نویسی، میلوں اور نمائشوں کے انعقاد میں کردار ادا کریں گے۔