مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 26 فروری2022ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر احساس کفالت پروگرام مظفرگڑھ ظفر علی نے محکمہ پولیس او رمتعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر احساس کفالت پروگرام کی ڈیوائس/ٹیب کا غیر قانونی استعمال کرنے پر مظفرگڑھ کی تحصیل کوٹ ادو میں کاروائی کرتے ہوئے عبدالرزاق چانڈیہ ولد اللہ یار چانڈیہ سکنہ نزد گورنمنٹ گرلز کالج، وارڈ نمبر 4تحصیل کوٹ ادو ضلع مظفرگڑھ کو گرفتار کر کے ایف آئی اے ڈیرہ غازی خان سرکل کے حوالے کردیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر احساس پروگرام ظفر علی نے بتایا کہ ضلع لاہور سے شکایت موصول ہوئی کہ موبائل ڈیوائس آئی ڈی نمبر 145061جو وقار نامی شخص کے نام ہے جس کا پتہ 786موبائل شاپ مرغزار کالونی ملتان روڈ ہے۔
ملزم جعلسازی سے سروے کر کے لاہور کے ریکارڈمیں اندراج کررہا ہے جبکہ شمیم بی بی نامی خاتون کے مبلغ 13ہزار روپے بھی اکاؤنٹ سے غیر قانونی طریقہ سے نکلوا چکا ہے، نامعلوم ملزم ڈیوائس کو غیر قانونی طور پر جعلساز اور سہولت کاروں کے ساتھ مل کر مظفرگڑھ میں استعمال کررہا ہے جس پر انہوں نے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اس کا سراغ لگایا گیا اورفوری کاروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالرزاق چانڈیہ ولد اللہ یار چانڈیہ سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کرکے کے متاثرہ خاتون شمیم بی بی کے حوالے کی اور ملزم کو ایف آئی اے ڈی جی خان سرکل کے حوالے کردیا گیا ہے۔