مظفر گڑھ۔21 دسمبر(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 21 دسمبر2016ء) مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کی پولیس چوکی مڈ والا کے بااثر زمیندار کا مسلح افراد کے ہمراہ غریب محنت کش کی زمین پر قبضہ کرنے کیلئے فائرنگ اور جھونپڑی کو آگ لگا دی اور غریب محنت کش کی بیوی، بھابی اور 12 سالہ بیٹے کو بھی اٹھا کر لے گئے اور فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد شدید زخمی، جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا۔تفصیل کے مطابق تھانہ صدر علی پور کی حدود پولیس چوکی مڈ والا کے علاقے کھروڑا فاضل محمد میں با اثر زمیندار، فیض بخش، سمیع اللہ نے اپنے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ غریب محنت کش ملک ریاض اور اس کے بھائی ملک عبدالرحمن کی 84 کنال اراضی پر قبضہ کرنے کے لئے اس کی جھونپڑی پر فائرنگ کرتے ہوئے آگ لگا دی اور غریب محنت کش کی بیوی شاہینہ بی بی اور اس کی بھابی کمن مائی اور 12 سالہ بیٹے محمد فیضان کو اٹھا کر لے گئے، فائر اور کلہاڑیوں کے وار لگنے سے 7 افراد، ملک عبدالرحمن، ارشاد، مشتاق، سجاد، اکرم، ملک ریاض ، ملک بگو، شدید زخمی ہوگئے، جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال علی پور منتقل کردیا گیا ہے، متاثرین کا کہنا ہے کہ پولیس تھانہ صدر کو اطلاع دی گئی پر پولیس 1 گھنٹہ گزرنے کے بعد بھی نہیں پہنچی، اس کے بعد ڈی پی او مظفر گڑھ اویس احمد ملک کو کال کی تو انہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی علی پور یوسف ہارون کو ہدایت جاری کی جس پر ڈی ایس پی علی پور یوسف ہارون وقوعہ کے 2 گھنٹے بعد پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے، ڈی ایس پی علی پور یوسف ہارون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی میں پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا ہوں اور ملزمان کی گرفتاری کے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔