مظفرگڑھ۔21مارچ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی . 21 مارچ 2022ء) :مستقبل میں دنیا کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ان میں خوراک کی کمی بھی ہے اور خوراک کے حصول کا دارومدار زراعت سے وابستہ ہے لہذا شعبہ زراعت میں بہتری سے ہی مستقبل میں خوراک کی کمی سے بچا جا سکتا ہے ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہ رخ نے ضلعی زرعی مشاروتی کمیٹی کے اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رانا حبیب الرحمن، صوبائی جنرل سیکرٹری کسان اتحاد رانا شمشاداحمد، ضلعی جنرل سیکرٹری مہر خالد اور اختر سندیلہ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اے ڈی سی ریونیو محمد شاہ رخ نے کہا کہ شعبہ زراعت کی ترقی سے نہ صرف خوراک کے مسائل حل ہونگے بلکہ غربت کے خاتمے، صحت کی بہتری اور معیشت کے استحکام میں بھی شعبہ زراعت کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے،انہوں نے کہا کہ زرعی انقلاب کیلئے کسانوں کا کردار بڑا اہم ہے،اس لئے حکومت پنجاب کسانوں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کررہی ہے، کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو ریلیف مہیا کیا جارہا ہے۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر حبیب الرحمن نے بتایا کہ اب تک ضلع بھر میں کسان کارڈ کیلئے ایک لاکھ 37ہزار 413کسانوں کے رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔ 44ہزار 494کسانوں نے کارڈ کیلئے درخواست دے دی ہے جبکہ 18ہزار 603کسانوں کو کارڈ جاری کردئیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک کسانوں کو 4لاکھ 27ہزار191بوری ڈی اے پی اور 12لاکھ 40ہزار 203بوری یوریا کھاد کنٹرول ریٹ پر فراہم کی گئی ہے۔
گرانفروشی پر 16ایف آئی آر درج کرائی گئی ہیں، 9ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 24لاکھ 82ہزار 600روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا۔ اجلاس میں کسان اتحاد کے نمائندگان نے کسانوں کے مختلف مسائل سے بھی آگاہ کیا جس میں ٹیوب ویل کی تاروں اور موٹروں کی چوری،کھاد کی عدم فراہمی جیسے مسائل شامل تھے جس پر اے ڈی سی ریونیو نے ان کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے۔