مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 25 ستمبر2019ء) ڈی پی او مظفرگڑھ صادق علی ڈوگر نے ڈی ایس پی اعجاز حسین بخاری کے ہمراہ تھانہ سنانواں و محمودکوٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے دونوں تھانوں کے حوالات اور گرفتار ملزمان کی تفصیلات بھی چیک کیں اور حوالات میں موجود قیدیوں سے گفت و شنید بھی کی۔ ڈی پی او صادق علی ڈوگر نے ریکارڈ کی بہترین تکمیل پر تھانہ سنانواں کے محرر کو نقد انعام اور تعریفی سند بھی دی۔
ڈی پی او نے پولیس کو عوامی تحفظ کیلئے بہترین رویہ کے ساتھ خدمات دینے کی ہدایات جاری کیں۔
بعدازاں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او کا کہنا تھا کہ اگر شہری اپنی جان کے دفاع میں کسی مجرم یا ڈکیٹ کے خلاف انتہائی قدم اٹھا بھی لیتے ہیں تو قانون ان کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے اور ہم قانون کی مکمل عملداری کا یقین دلاتے ہیں، مجرمان کی سرکوبی اور ان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ہم ہر حد تک جائیں گے اور شریف شہریوں کے جان، مال، عزت و آبرو کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنائیں گے، عوام مجرمان کی موجودگی کی نشاندہی کریں پولیس فرنٹ لائن پر آ کر ان کا بھرپور مقابلہ کریگی، پولیس کے ناکہ بندیوں اور گشت کے نظام کو موثر کر دیا گیا جسکی مانیٹرنگ ٹریکرز سے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے کی جا رہی ہے۔