مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 13 مارچ2020ء) ڈپٹی کمشنر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے، حکومت کی ہدایات کی مطابق عوام کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ کی سب تحصیل رنگ پور میں دیہی مرکز صحت، ڈسپوزل پمپ، واٹر فلٹر پلانٹ اور دریائی علاقے کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈپٹی دی ایچ او ڈاکٹر امیر بخش، سردار امجد عباس خان اور سردار نعیم عباس خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر امیر بخش کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں آنے والے تمام مریضوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں،ادویات کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ہسپتال میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے، ڈاکٹرو ں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور عملے کی کمی کو جلد پورا کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کی مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ادویات کی سٹاک کی بھی پڑتال کی۔ ڈپٹی کمشنر نے رنگ پور کے ڈسپوزل پمپ کا بھی معائنہ کیا اور میونسپل کمیٹی کے افسرا ن کو ہدایت کی کہ رنگ پور شہر میں سیوریج کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، واٹر فلٹر پلانٹ کو فی الفور بحال کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رنگ پور میں کشتیوں والے پل کو چالو کرنے کے لئے اعلیٰ حکام کو تحریر کیا جائے گا۔