مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 23 جنوری2020ء) ڈپٹی کمشنر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پرعوام کے مسائل کوان کے دہلیز پر حل کرنے کیلئے ضلعی ہیڈ کوارٹر کے ساتھ ساتھ تحصیل ہیڈ کوارٹر پر بھی کھلی کچہریاں لگائی جارہی ہیں، سرکاری خدمات کی فراہم کیلئے ایک منظم نظام بنایا گیا ہے، جس سے عوامی مسائل کو حل کیا جارہا ہے، یہ بات انہوں نے ڈی پی او سید ندیم عباس کے ہمراہ تحصیل ہیڈ کوارٹر پر کھلی کچہری میں عوامی مسائل سنتے ہوئے کہی، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر زریاب ساجد بھی موجود تھے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کھلی کچہری میں پیش ہونے والے تمام شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادو ں پر حل کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد جاری رہے گا، اس موقع پر ڈی پی او سید ندیم عباس نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے محکمہ پولیس دستیاب وسائل کو برؤے کار لا کرہر ممکن اقدامات کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ قتل کے پرانے مقدمات کو ٹریس کرنا اور ملزمان کو گرفتار کرنا جتوئی پولیس کی بہترین کارکردگی ہے، عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے پولیس کا ہر جوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گا۔کھلی کچہری میں تھانہ جتوئی اور تھانہ میر ہزار سے متعلق قتل کے مقدمات کو ٹریس اور ان کے ملزمان کو گرفتار کرنے پر شہریوں نے پولیس کو خراج تحسین پیش کیا اور افسران کو پھولوں کے ہار پہنائے، کھلی کچہری میں پولیس سرکل جتوئی کے ایس ڈی پی او اور تمام ایس ایچ اوز نے بھی شرکت کی جبکہ ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی کھلی کچہری میں موجود تھے۔