عوام کو سستا آٹا فراہم کرنا وزیر اعلی پنجاب کی ذمہ واری ہے،سابق صوبائی وزیرملک احمد یار ہنجرا

مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 10 جنوری2023ء) سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات اور مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما ملک احمد یار ہنجرا نے آٹے کے بحران پر پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو سستے داموں آٹا فراہم کرنا وزیر اعلی پنجاب کی ذمہ واری ہے ۔

انہوں نے کوٹ ادو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گڈ گورننس کے دعوے دار پنجاب میں آٹے کی قلت اور قیمت کو ہی نہیں سنبھال پا رہے، ہر طرف عوام کی آٹے کے حصول کیلئے لائنیں ہیں اور آٹا پھر بھی نہیں مل رہا جبکہ پنجاب حکومت کے گودام آج بھی گندم سے بھرے پڑے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی وزارت اعلی کے دور میں جو آٹے کا تھیلا 350 کا تھا وہ آج 1265 میں بھی نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد گندم کی خریداری،سپلائی، قلت یا دیگر کنٹرول صوبائی حکومت کے پاس ہے، پنجاب حکومت جان بوجھ کر عوام تک آٹا نہیں پہنچا رہی، آٹے کی قلت کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی عوامی وزیر اعلیٰ ہونے کا ثبوت دیں،عوام کو سستے داموں آٹا فراہم کرنا پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے۔