مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 15 ستمبر2022ء) ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے کہا کہ ضلع میں مستقل اور پائیدار قیام امن ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، آپس کے اختلافات اور مسائل کو مل بیٹھ کر ہی احسن طریقہ سے حل کیا جا سکتا ہے تاکہ معاشرے میں امن، بھائی چارے، اخوت اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جاسکے یہ بات انہوں نے چہلم امام حسین ؓ کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام، عیدین اور دیگر تہوار وں پر ضلعی کی پرامن عوام اور جید علماء و مشائخ نے ضلع بھر میں مثالی امن قائم رکھ کر ضلع کا نام روشن کیا ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی اس روایت کو قائم رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا چہلم امام حسین ؓ کے مرکزی جلوس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی، راستوں کی صفائی کا معقول انتظام کیا جائے گااور امن کمیٹی کے ممبران جلوس کے ہمراہ ہونگے۔