مظفرگڑہ 23 فروری(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 23 فروری2023ء) پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کےانفارمیشن سیکرٹری و وفاقی وزیرمملکت نوابزادہ افتخار احمد خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم اور کابینہ نے رضاکارانہ طور پر اپنی تنخواہوں اور دوسری مراعات ملک کو درپیش مالی مشکلات کی وجہ سے لینے سے انکار کیا ہے جو کہ قابل تعریف عمل ہے،جبکہ سابقہ نااہل اور سلیکٹڈ حکومت نے 4 سال کے عرصے میں ملک کو آئی ایم ایف کے شکنجے میں جکڑ دیا اور اسٹیٹ بینک کو حکومت سے نکال کر آئی ایم ایف کے حکم پر آزاد باڈی بنایا اور پھر ظلم یہ کیا اس کو کسی عدالت میں چیلنج بھی نہیں کیا جا سکتاجس وجہ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے اور روپے کی قدر گر رہی ہے اور ڈالر کی قدر میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے آج سب سے زیادہ شور بھی یہی نالائق ٹولہ کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران نیازی ٹولے کی شدید خواہش کے باوجود بھی ان شاء اللہ نہ تو پاکستان ڈیفالٹ ہو گا اور نہ سری لنکا بنے گا۔ حکومت ملک میں عمرانی حکومت کی بچھائی ہوئی بارودی سرنگوں سے 22 کروڑ عوام کو بحفاظت نکالنے میں انشاءاللہ کامیاب ہو گی ۔ وزیراعظم اور کابینہ نے ملکی معیشت کو دوبارہ ٹریک پر لانے کے لیے کچھ سخت فیصلے کیے ہیں اور ان فیصلوں کی ابتداء بھی خود سے شروع کی ہے۔
غریب گھرانوں کو ریلیف دینے کے لئے حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ایک سو ساٹھ ارب روپے سے بڑھا کر چار سو ارب روپے کر دیا ہے جس پر عملدرآمد سروے یکم مارچ سے باقاعدہ شروع ہو گا اور اسی طرح سے کاشتکاروں کے لیے بھی ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے جس پر فوری عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح زرعی شعبے اور سرکاری دفاتر میں سولر انرجی کے لئے بڑے پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔