مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 31 اگست2022ء) ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ علی عنان قمر نے کہا ہے کہ خود ساختہ مہنگائی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،پرائس کنٹرول کمیٹی میں اشیاء خوردونوش کی متعین کردہ نرخوں کو مارکیٹ میں یقینی بنایا جائے گا۔یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نرخ نامہ تمام دکاندار نمایاں جگہ پر آویزاں کریں۔
پرائس کنٹرول کمیٹی میں تمام تحصیلوں کے نمائندگان کی شرکت کویقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انجمن تاجران سمیت کریانہ ایسوسی ایشن، سبزی فروش، نان بائی، انجمن قصاب، دودھ فروش و دیگر تنظیموں کے نمائندگان کو بھی اجلاس میں مدعو کیا جائے تاکہ ان کی بھی مشاورت شامل حال ہو۔انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی، گرانفروشی اور ناجائز منافع خوری کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈی او انڈسٹری رانا گلفام، ڈی او مارکیٹ کمیٹی عدنان احمد، کریانہ ایسوسی ایشن سے نذیر احمداور ریاض صدیقی نے شرکت کی۔