مظفرآباد(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 23 جولائی2018ء) دارالحکومت کے سب سے بڑے واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ کو جانیوالی واحدلوئرماکڑی روڈ کھنڈرات میں تبدیل‘سینکڑوں ملازمین اور ہزاروں کی آبادی کو شدیدمشکلات کاسامنا، زلزلہ میں تباہ ہونیوالی رابطہ سڑک کو دوبارہ بحال نہ کرنے کی واجہ سے عوام علاقہ بالخصوص سکول کالج جانیوالے طلباء و طالبات کو آمدورفت میں پریشانی اٹھانا پڑتی ہے، متعددمرتبہ سکول وین حادثات کا شکار ہوتے ہوتے معجزانہ طورپربچی ہے،اس وقت روڈ پر جگہ جگہ گڑھے پڑ چکے ہیں اور حالیہ بارشوں سے ہونے والی سلائیڈنگ کا ملبہ اورکوڑاکرکٹ بھی سڑک پر ہی موجود ہے ۔عمائدین علاقہ شکوراعوان، ملک وسیم،فاروق احمد،فیصل اعوان،شاھدمحمود ودیگرنے میڈیاکو بتایاکہ عوام علاقہ متعددمرتبہ متعلقہ حکام کواس سڑک کی جانب توجہ مبذول کرواچکے ہیں ہیں لیکن کوئی ان کی بات سننے والا نہیں ہے۔انہوںنے ایم ایل اے سٹی بیرسترسیدافتخار علی گیلانی، چیف سیکرٹری آزادکشمیر میاں مرادالدین سمیت اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ لوئرماکڑی روڈ کی کشادگی و پیچ ورک کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور عوام علاقہ کو مشکلات سے نجات دلائی جائے۔انہوںنے کہاکہ یہ روڈ اس حوالہ سے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ یہاں دارالحکومت کا سب سے بڑا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ موجود ہے جس سے پورے شہر کو پینے کا پانی سپلائی کیا جاتاہے۔اگر سڑک کی حالت بہتر نہ بنائی گئی تو مشینری اور ٹینکرزوغیرہ کی آمدورفت بندہونے سے کسی بھی وقت پورے دارالحکومت میں پانی کی فراہمی کا سلسلہ منقطع ہو سکتاہے۔انہوںنے حکام سے مطالبہ کیا کہ ماکڑی روڈ کی فوری تعمیر نو کے لئے اقدامات اٹھائیں ،عوام علاقہ شکرگزار ہوںگے۔