مظفر گڑھ(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔19اگست۔ 2013ء) رکن قومی اسمبلی جمشید دستی پر انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران نامعلوم شخص نے قاتلانہ حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ان کا سر پھٹ گیا اس دوران پولیس نے 3افراد کو گرفتار کرکے پستول اور مرچیں برآمد کرلیں، جلسے میں شریک افراد نے حملہ آور کو پکڑ کر اس کی دھنائی کر دی ۔ پیر کوسناواں میں جمشید دستی اپنے بھائی کے انتخابی جلسے سے خطاب کر رہے تھے کہ نامعلوم شخص نے ان پر حملہ کر دیا۔حملے کے نتیجے میں جمشید دستی کا سر پھٹ گیا اور ان کے سر سے خون بہنا شروع ہو گیا لیکن جمشید دستی نے اپنی تقریر میں خلل آنے نہیں دیا اور زخمی حالت میں بھی اپنی تقریرکو جاری رکھا۔حملہ آور کوجلسے میں شریک لوگوں نے پکڑ کر اسے مارنا شروع کر دیا اور اس کی جیب سے مرچیں بھی برآمد ہوئی ہیں، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر 3افراد کو گرفتارکرکے پستول برآمد کرلی، گرفتار افراد کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔واضح رہے کہ جمشید دستی حلقہ 177 اور 178 مظفر گڑھ سے عام انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے بعد میں انہوں نے حلقہ 177 کی نشست خالی کردی تھی جہاں 22اگست کو اب ضمنی انتخاب ہوگا۔