مظفر گڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 08 اپریل2017ء) اپنے بچوں کو صحت مند ماحول اور تابناک مستقبل کی فراہمی کیلئے پولیو جیسے مرض کا جلد سے جلد خاتمہ کرنا ہوگا اور اس مقصد کے حصول کیلئے عوام میں شعور و آگہی بیدار کرنا ہوگی۔ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ محمد سیف انور نے انسداد پولیو کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جس میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شاہد حسین مگسی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ انسداد پولیو مہم کو 100فی صد کامیاب بنانے کیلئے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ ادارے بھی اپنا موثر کردار ادا کریں۔ اس موذی مرض سے اپنے بچوں کو محفوظ بنانے کیلئے عوام میں اس کا شعور بیدار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران مہم میں شامل تمام ٹیموںکو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، دریائی علاقوں میں مہم کی کامیابی اور مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے وقت سے پہلے مہم شروع کی جائے تاکہ کوئی بچہ ویکسین کے محروم نہ رہے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں ایم ایل سی کیلئے آنے والے سائلین کو بغیر تاخیر کے ایم ایل سی جاری کیا جائے اور تمام ایم ایل سی کمپیوٹرائزڈ ہوں۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر صحت ڈاکٹر شاہد حسین مگسی نے بتایا کہ 17سے 20اپریل تک جاری رہنے والے انسداد پولیو مہم کیلئے 1793ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں3488افراد ضلع بھر میں گھر گھر جا کر5سال تک کی عمر کے 8لاکھ32ہزار312 بچوں کو پولیو سے بچائو کے ویکسین کے قطرے پلائیں گے۔اجلاس میں ڈاکٹر اختر فاروق، ڈاکٹر عمران، ڈاکٹر عبدالروف، ڈاکٹر خالد محمود، ڈبلیو ایچ او سے مامت چام سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔