ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی زیر صدارت حکومتی ریٹ پر یوریا کھاد کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 21 فروری2023ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس مظفر گڑھ میں حکومتی کنٹرول ریٹ پر یوریا کھاد کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا ہے، اجلاس میں ضلع مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی، علی پور مظفر گڑھ، کوٹ ادو اور چوک سرور شہید سے کھاد کمپنیوں کے نمائندوں اور ڈیلرز بھی موجود تھے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے یوریا کھادکی حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی کے حوالے سے ڈیلرز کو ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر کے حکم پرحکومتی ریٹ پر کھادوں کی فروخت کو یقینی بنایا جائے۔

ا ے ڈی سی ریونیونے کہا ہے کہ سرکاری نرخ سے زیادہ وصولی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور ان کا لائسنس فوری طور پر منسوخ کیا جائے گا،ضلعی انتظامیہ اور کھاد کمپنیوں کو یوریا کی باقاعدگی سے فراہمی کے حوالے سے ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہیے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت عبدالرزاق نے بتایا کہ ضلع میں کھاد کے 46 ڈیلرز و دکاندار موجود ہیں، حکومت کی جانب سے یوریا کھاد کی فی بوری کی قیمت 3025 سے 3100 روپے متعین کی گئی اور مارکیٹ میں یوریا اس قیمت پر دستیاب ہے۔

 

اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع کی تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنران اور محکمہ زراعت کے افسران روزانہ کی بنیاد پر مختلف کھاد ڈیلروں ، دکانوں کا معائنہ کررہے ہیں اور کھاد کی سرکاری نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں۔