مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 17 جولائی2019ء)ایڈمنسٹریٹر بلدیہ مظفرگڑھ عطاء الحق کی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں میں شکایت سیل کے بینرآویزاں کردیے گئے۔بینرز پر سیوریج اور صفائی کے مسائل کی شکایت کا خصوصی نمبر بھی آویزاں کردیا گیا۔
تفصیل کے مطابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عطاء الحق کی ہدایت پر مظفرگڑھ کے شہریوں کو صفائی اور سیوریج کے مسائل کی صورت میں شکایات سیل کے قیام کے بعد شکایت سیل اور خصوصی نمبر کے بینرزبھی آویزاں کردئیے گئے ہیں، گزشتہ روز سینٹری انسپکٹر اعجاز کے زیر نگرانی بلدیہ اہلکاروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں یہ بینرز آویزاں کئے۔
اس بارے میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کا کہنا تھا کہ مظفرگڑھ شہر میں صفائی اور سیوریج کے مسائل کے حل کے لئے ڈپٹی کمشنر نے خصوصی ہدایت جاری کی ہیں جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے شکایت سیل کا قیام کرکے خصوصی نمبر بھی جاری کیا گیا جس پر شہری اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ شکایت سیل کے بارے میں ہر خاص وعام شہری کو آگاہی کے لئے اب یہ بینرز آویزاں کئے گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شکایت سیل کے بارے میں معلوم ہوسکے اور اس سروس سے مستفید بھی ہوسکیں۔