مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 17 جولائی2022ء) مظفر گڑھ میں پنجاب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کو گرفتار کر لیا۔پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کے ساتھ جعلی فرنٹیئر کانسٹیبلری جیسی وردی والے مسلح اہلکاروں کی موجودگی کی اطلاع پر پنجاب پولیس نے ایکشن لیا ۔مظفر گڑھ کی فیکٹری میں موجود شہباز گِل کے ہمراہ ایف سی اہلکاروں کی طرح کی وردی میں مبینہ سکیورٹی گارڈز کو پولیس نے گھیرے میں لے لیا۔
پی ٹی آئی کے امیدوار معظم جتوئی نے فیکٹری میں ایف سی اہلکاروں کی موجودگی کا اعتراف بھی کر لیا اور کہا کہ وہ یہاں ہیں، لیکن ان کی موجودگی قانونی ہے یا غیر قانونی اس کا جواب خود شہباز گِل دیں گے۔اس حوالے سے کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری صلاح الدین محسود کا کہنا ہے کہ شہباز گِل کے ساتھ ہماری ایف سی کے اہلکار نہیں ہیں، شہباز گِل کے ساتھ پرائیویٹ ادارے کے اہلکار ہیں۔
صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ شہباز گلِ کے ہمراہ ایف سی کا کوئی اہلکار موجود نہیں، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سکیورٹی ادارے کی وردی میں ملبوس مسلح افراد کون ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہباز گل سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے غیر قانونی حرکات پر اتر آئے ہیں، پی ٹی آئی رہنماء کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ شہباز گل امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کیلئے اسلحہ بردار افراد ساتھ لائے۔