مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹیی۔ 03 اکتوبر2019ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ کتاب بینی وقت کا بہترین مصرف ہے، بچپن کی کتاب بینی صلاحیتوں کو جلا بخشتی ہے اور مستقبل کی راہ کے تعین میں مدد فراہم کرتی ہے، آج کے جدید دور جس میں کیبل اور انٹرنیٹ کی سہولیات میسر ہیں جس نے بچوں اور بڑوں کو کتاب بینی سے دور کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کتاب بینی سے نہ صرف مطلوبہ معلومات ملتی ہیں بلکہ اس کے متعلقہ دیگر معلومات اورعلوم بھی ملتے ہیں جبکہ انٹرنیٹ سے صرف یک طرفہ اور مختصر معلومات میسر ہوتی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرگڑھ کی 225ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ،ادارہ تعلیم و آگہی، آکسفیم کے تعاون سے سردار کوڑے خان پبلک سکول مظفرگڑھ میں دو روزہ بچوں کے ادبی جشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے تعلیم عائشہ نواز، ایم پی اے عون حمید ڈوگر، منیجر محمود ٹیکسٹائل ملز ایوب شاہ ملک خیر محمد بدھ اور ام کلثوم بھی موجود تھے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گذشتہ ادوار میں مظفرگڑھ سمیت جنوبی پنجاب کے اضلاع ایسی سرگرمیوں سے محروم رہے، بچوں کاادبی جشن جیسی تقریبات سے بچوں کو نہ صرف کتاب بینی بلکہ دوسری فنی تعلیم اور دیگر فنون اور علوم سے بھی شناسائی ہوتی ہے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میر خواب ہے کہ ہر بچے کے ہاتھ میں قلم دوات ہو اور کتاب ہو۔
چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے تعلیم عائشہ نواز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت یکساں نظا م تعلیم و نصاب پر کام کررہی ہے ہم وہ نصاب ترتیب دے رہے ہیں جو زندگی بدلے گی۔انہوں نے کہا کہ کتاب بینی سے قومیں بڑے بڑے خواب دیکھی ہیں اور ان کی تعبیر کے لئے عملی کام کرتیں ہیں، انہوں نے بچوں کو شہد کی مکھی نظم بھی سنائی، تقریب سے سی ایل ایف کی بانی و سی ای او تعلیم و آگہی بیلا رضا جمیل، آکسفیم سے ذیشان صدیق اور پرنسپل کوڑے خان سکول غلام مرتضیٰ نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کا ادبی جشن مظفرگڑھ شہر کے بچوں کیلئے ایک تحفہ ہے جس کا مقصد بچوں میں کتاب بینی کا شوق پیدا کرنا، کہانی نویسی، کتاب نویسی، آرٹ، پینٹنگ اور کمپیوٹر کی جدید ٹیکنالوجی سے آشنائی اور ان فنون کو زندہ رکھنے کا شعور بیدار ہو، بعدا زاں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور، چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے تعلیم عائشہ نوازاورایم پی اے عون حمید ڈوگر نے بچوں کے ادبی جشن کا افتتاح کیا، معزز مہمانوں نے مختلف تربیتی سیشن اور سٹال کا معائنہ کیا۔